کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز 221 مسافروں کو لے کر جکارتہ سے کراچی پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے8889 221 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی۔طیارے سے نکلتے ہی مسافروں پر اسپرے اور سینٹی ٹائز کیاگیا۔
جکارتہ سے آنے والے تمام مسافروں کی طبی جانچ بھی کی جائے گی، ایمیگریشن کے بعد تمام مسافروں کو قرنطینہ بھیجا جائے گا۔
پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا
خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ ، چین ، الجیریا، دبئی اور انڈونیشیا کے لیے خصوصی پروازوں کا اعلان کیا تھا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو خصوصی پروازوں کی اجازت دی تھی جس کے بعد پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کیا تھا۔
اس سے قبل 15 اپریل کو ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کینیڈا سے خصوصی پروازوں کے ذریعے 377 مسافروں کووطن پہنچایا گیا، تاجکستان اور ازبکستان سے 140 مسافروں جبکہ 136 کو عراق سے وطن لایا گیا۔