کراچی : پی آئی اے نے مسقط اور شارجہ کے بعد ایک ماہ میں تیسری پرواز کا اعلان کردیا، اسلام آباد سے دوحہ کے لئے تیسری پرواز باقاعدہ طور پر شروع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے شارجہ اور مسقط کے بعد اسلام آباد سے دوحہ (قطر) کے لیے دوسری پرواز شروع کردی ہے جو ہر اتوار کو ایک بجے رات روانہ ہوگی، اس سلسلے کی پہلی پرواز دو دسمبر بروز ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک بجے روانہ ہوئی۔
پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارا ترقی اور بحالی کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے اور عنقریب ہم مزید مقامات کے لئے پروازیں شروع کر رہے ہیں ان میں لاہور سے بنکاک کوالالمپور اور سیالکوٹ سے بارسلونا سرفہرست ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر پی آئی اے کے کارکنوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور مسافروں کے لئے سہولیات اور ان کا مکمل خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر مسافروں کو الوداع کرنے کے لئے پی آئی اے اسلام آباد کے اعلیٰ افسران ایئر پورٹ پر موجود تھے۔ جن میں جنرل منیجر کسٹمر سروسز انعام باری، ڈسٹرکٹ منیجر جنید خان، منیجر پبلک ریلشنز امجد درانی، منیجر کوارڈینیشن عثمان عین الدین، اسٹیشن منیجر پرویز نصیر اور منیجر پیسنجر سروسز چوہدری بشیر شامل تھے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کاروباری حلقوں اور مسافروں کی جانب سے پی آئی اے کی اس نئی کاوش کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا ہے۔