کراچی : پی آئی اے نے برطانیہ جانے والوں کے لئے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا یکم دسمبر سے برمنگھم کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے ) نے برطانیہ کے اپنے فضائی نیٹ ورک میں توسیع کرتے ہوئے برمنگھم کو بھی شامل کرنے کا اہم فیصلہ کرلیا۔
قومی ایئرلائن یکم دسمبر سے اسلام آباد اور برمنگھم کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد سے برمنگھم کے لیے ہفتہ وار 3 براہِ راست پروازیں آپریٹ کی جائیں گی. یہ پروازیں ہفتے میں منگل، جمعرات اور ہفتہ کے روز چلائی جائیں گی۔
براہِ راست پروازوں کے آغاز سے برطانیہ کے شمالی اور وسطی علاقوں میں مقیم تارکینِ وطن پاکستانیوں کو سفر کی بہترین اور آسان سہولت میسر آئے گی۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا روٹ قومی ایئرلائن کے لیے تجارتی و آپریشنل لحاظ سے انتہائی اہم فضائی نیٹ ورک ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کی مجموعی تعداد کو 23 تک بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔


