کراچی : پی آئی اے کی نجکاری کے بعد پہلا ایئر آپریٹرز سرٹیفیکیٹ آڈٹ شروع ہوگیا، جسے یورپ اور برطانیہ میں فلائٹ آپریشن کے لیے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے پی آئی اے کے ایئر آپریٹرز سرٹیفیکیٹ کا آڈٹ انسپکشن شروع کر دیا ہے۔
یہ آڈٹ نجکاری کے بعد ایئرلائن کے لیے پہلا اہم سرکاری جائزہ ہے، جسے یورپ اور برطانیہ میں فلائٹ آپریشن کے لیے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آڈٹ میں فلائٹ سیفٹی ، طیاروں کی مکمل انسپکشن ، پائلٹس کے ریکارڈ اور تربیت سمیت ایئر لائن کے تمام شعبہ جات کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
پی آئی اے کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل اور بروقت ریکارڈ تیار رکھیں تاکہ آڈٹ کے دوران کوئی کمی نہ رہ جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ آڈٹ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایئرلائن کے معیار اور سیفٹی کی تصدیق کرے گا اور یورپ و برطانیہ میں فلائٹ آپریشن کے لیے قانونی اور تکنیکی تقاضوں کی بنیاد فراہم کرے گا۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


