کراچی : کرونا وائرس کے باعث سرحدوں کی بندش کی وجہ سے آسٹریلیا میں پھنسے پاکستانیوں لینے پی آئی اے کی پرواز میلبورن روانہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کی جان لیوا وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے اکثر ممالک نے سفری پابندیاں عائد کی ہوئیں ہیں جس کے باعث سیکڑوں پاکستانی شہری بیرون ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں واپس وطن لانے کےلیے حکام کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں پھنسے ہم وطنوں کو لینے کےلیے قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز آسٹریلوی شہر ملبورن روانہ ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پی آئی اے کی پرواز میلبورن روانہ ہوئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان ایئر لائن تارکین وطن پاکستانیوں کی مسلسل خدمت کررہی ہے، پرواز پی کے 8962 پاکستان سے تین سو سے زائد مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے اسٹیشن مینیجر علی اصغر زیدی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مسافروں کی معاونت کی، ترجمان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے پرواز پی کے 8963 مسافروں کو لے کر 26 اپریل کو لاپور پہنچے گی۔
خیال رہے کہ پی آئی اے بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کے سلسلے میں اپنا خصوصی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، پی آئی اے 10خصوصی ریلیف پروازوں نے 17 تاریخ سے آپریٹ کرنا شروع کیا ہے۔