کراچی: پی آئی اے کے بدقسمت طیارے پی کے 661 کے پائلٹ صالح جنجوعہ اور کو پائلٹ احمد جنجوعہ جہاز کو بچاتے ہوئے ہولناک حادثے کا شکار ہوگئے۔
میرا پاکستان کتنا خوبصورت ہے، دنیا کو دکھانے والے پائلٹ صالح جنجوعہ ہردل عزیز تھے لیکن وہ بہت دور چلے گئے، وہ امیزنگ پاکستان کے نام سے ایک یو ٹیوب چینل بھی چلارہے تھے اور اس چینل پر اپنے سفر کے دوران ریکارڈ کیے گئے پاکستان کے خوبصورت مناظر دنیا کے سامنے پیش کرتے تھے۔
صالح نے آخری ویڈیو 6 دسمبر کو کاغان سےبابو سر بائی پاس کے خوبصورت نظاروں کی اپ لوڈ کی تھی۔
اسی طرح کو پائلٹ، فٹبالر، کرکٹر، سنگر فرسٹ آفیسر احمد جنجوعہ انتہائی خوش اخلاق تھے، اہل محلہ نے انہیں انتہائی ملنسار قرار دیا، احمد جنجوعہ کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات کا ڈھیر لگ گیا۔
خیال رہے گزشتہ روز چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی فلائٹ کو ایبٹ آباد حویلیاں کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں جہاز پہاڑ سے ٹکرا کر مکمل تباہ ہوگیا اور اس میں موجود تمام مسافر اور عملہ بھی جاں بحق ہوگیا تھا۔