کراچی (4 نومبر 2025): سندھ حکومت نے خواتین کیلیے مفت پنک اسکوٹیز کی فراہمی کے دوسرے مرحلے کے حوالے بڑی خوشخبری سنا دی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے اس حوالے سے کہا کہ پنک اسکوٹیز فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کریں گے، خواتین ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور تربیتی کورسز میں حصہ لیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین پنک اسکوٹیز پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کروائیں، محکمہ ٹرانسپورٹ خواتین کو مفت ٹریننگ اور لائسنس فراہم کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کو ہر سال پنک اسکوٹی دینے کے اعلانات
انہوں نے کہا کہ خواتین کو اسکوٹیز کی فراہمی کا مقصد سفری مسائل سے نجات دلانا ہے، درجنوں خواتین نے ڈرائیونگ سیکھی اور لائسنس حاصل کیے۔
23 ستمبر 2025 کو سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں پنک اسکوٹیز پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ رواں ہفتے مفت پنک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت خواتین اور طالبات کو روزانہ آمدورفت کی سہولت فراہم کرنے کیلیے یہ انقلابی قدم اٹھا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ وہ تعلیم، ملازمت اور دیگر سرگرمیوں میں بلا رکاوٹ حصہ لے سکیں۔
’حکومت چاہتی ہے کہ وہ اپنی زندگی کے ہر شعبے میں خود مختار ہوں اور معاشرے کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ یہ اسکیم خواتین کیلیے ایک مثبت اور تاریخی قدم ثابت ہوگا۔‘


