پشین (22 فروری 2026): کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشین کے علاقے سرخاب مہاجر کیمپ کے قریب ایک مقابلے میں پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ سرخاب مہاجر کیمپ کے قریب دہشتگردوں سے جھڑپ ہوئی، مقابلے میں 5 شرپسند مارے گئے جن کی گاڑی سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد پولیس لائنز اور کیڈٹ کالج پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پشین میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں تین مطلوب سمیت 4 ملزمان ہلاک
واضح رہے کہ 27 جنوری کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہد رند اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں بتایا تھا کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے بتایا تھا کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 10 جوان زخمی بھی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشتگردی پھیلانے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا، دہشتگردوں کے پاس جدید اسلحہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے جس کی فرانزک جانچ کروائی جائے گی، دہشتگرد مائننگ میں استعمال ہونے والا بارود دہشتگردی کیلیے استعمال کر رہے تھے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ کہ پشین میں جہاں کارروائی کی گئی وہاں فتنہ الخوارج کے عناصر کی آمد و رفت تھی، کارروائی سے قبل دہشتگردوں کو ہتھیار ڈالنے کی مہلت دی گئی اور ثالثین بھی بھیجے گئے تاہم انہوں نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہد رند کا کہنا تھا کہ ریاست کے سامنے جو بھی کھڑا ہوگا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
شاہد رند نے واضح کیا تھا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا اور کسی قسم کے سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


