اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے سامان سے اسکیننگ کے دوران پستول اور گولیاں برآمد ہو گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے ایک کارروائی کے دوران کراچی جانے والے مسافر کے سامان سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں۔
مسافر مسرور علی پرواز پی اے 207 کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی جا رہا تھا، اے ایس ایف نے دوران اسکینگ ان کے ہینڈ کیری سے نائن ایم ایم پسٹل، تین میگزین اور 32 گولیاں برآمد کر لیں۔
مسافر کے پاس اسلحے کا ایکسپائر لائسنس بھی پایا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف نے ڈاکٹر مسرور علی نامی مسافر کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایئر پورٹ پولیس چوکی کے حوالے کر دیا۔
اسلام آبادایئرپورٹ پر بیگ چھیننے کا ڈراما رچانے والی خاتون کی اصل حقیقت سامنے آگئی
یاد رہے کہ چند دن قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک عجیب واقعہ پیش آیا تھا، ابوظہبی سے اسلام آباد پہنچنے والی ایک خاتون نے ٹرمینل منیجر کو درخواست دی کہ پارکنگ میں ان کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے جس میں ان سے بیگ چھینا گیا جس میں زیورات اور نقد رقم تھی، چھیننے والے نے آنکھوں پر اسپرے بھی کیا۔
سی اے اے کے ڈاکٹرز نے جب خاتون کی آنکھوں کا معائنہ کیا تو ایسی کوئی چیز سامنے نہیں آئی، جس پر خاتون کی تلاشی لی گئی تو اس کے کپڑوں میں چھپے ہوئے زیورات اور رقم برآمد ہو گئی، ڈراما رچانے پر انھیں حراست میں لے لیا گیا۔