صومالیہ : مسافر طیارے نے ساحل پر کریش لینڈنگ کی تاہم طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا۔
تفصیلات کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک مسافر طیارہ اُڑان بھرنے کے تقریباً پندرہ منٹ بعد تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔
تاہم خوش قسمتی سے طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔
خبر ایجنسی نے بتایا کہ طیارہ موغادیشو سے شہر گوریل جا رہا تھا کہ پرواز کے دوران فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
صورتحال کے پیش نظر پائلٹ نے فوری طور پر طیارہ واپس موغادیشو ایئرپورٹ لانے کی کوشش کی، مگر طیارہ مکمل طور پر قابو میں نہ رہ سکا اور ایئرپورٹ کے قریب ساحلی علاقے میں گر گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ طیارے میں عملے کے پانچ ارکان سمیت مجموعی طور پر 55 افراد سوار تھے، جو معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


