کراچی: دبئی سے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر اترنے والا غیر ملکی ایئر لائن کا ایک طیارہ اس وقت حادثے سے بال بال بچ گیا، جب وہ کپتان کے قابو سے اچانک باہر ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 12 اگست کی صبح سیالکوٹ ایئر پورٹ پر ایک غیر ملکی بوئنگ 777 طیارہ لینڈنگ کے دوران کپتان کی غفلت کے باعث رن پر بے قابو ہو کر شولڈر ایریا میں چلا گیا تھا۔
طیارہ رن وے سے شولڈر ایریا میں جانے کے ساتھ ساتھ اس نے رن وے کی دونوں لائٹیں بھی توڑ دی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان کی غفلت کی وجہ سے کوئی بھی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا تھا، لیکن سول ایوی ایشن کی جانب سے بھی مبینہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، اور طیارے کو گراؤنڈ کیے بغیر واپس دبئی کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے کے شولڈر ایریا میں اترنے کے بعد اس کا مکمل معائنہ اور کپتان کا الکوہل ٹیسٹ کرانا لازمی ہوتا ہے، لیکن سی اے اے نے نہ ہی طیارے کی انسپیکشن کی، نہ کپتان کا میڈیکل ٹیسٹ کیا۔
دوسری طرف ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بورڈ (AAIB) نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ سیالکوٹ ایئر پورٹ انتظامیہ نے بھی انویسٹیگیشن بورڈ کو رن وے پر ٹوٹنے والی لائٹوں اور واقعے کی شفاف تحقیقات سے متعلق خط ارسال کیا ہے، جسے تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔