تازہ ترین

مکہ معظمہ میں‌زائرین کی آسانی کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ منصوبہ

ریاض : مکہ معظمہ میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ غیر مسبوق تعمیراتی منصوبے پر کام جاری، زائرین کی سال بھر روزانہ کی بنیاد پر آمد و رفت کی وجہ سے شہر میں ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں میں اضافہ ضروری ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں واقع مسلمانوں کے مقدس ترین مقام حرم مکی کے اطراف میں گذشتہ ایک دہائی سے تعمیراتی ڈھانچے میں مسلسل توسیع ہو رہی ہے، زائرین کی سال بھر روزانہ کی بنیاد پر آمد و رفت کی وجہ سے شہر میں ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں میں اضافہ ضروری ہوگیا۔

شاہ عبد العزیز روڈ پروجیکٹ شہر میں ایک نیا تعمیراتی پلان ہے جسے وژن 2030ء کے تقاضوں کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔

شہر میں تعمیراتی منصوبوں کی بھرمار کے ساتھ ان منصوبوں کے ماحولیات پر پڑنے والے منفی اثرات کے ازالے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صرف عمارتیں تعمیر نہیں کی جا رہی ہیں انہیں بنیادی شہری سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، مواصلاتی نیٹ ورک، بنیادی ڈھانچے سے منسلک تمام ضروریات بجلی سیوریج اور پارکنگ پر غیرمسبوق کام جاری ہے، یہ اپنی نوعیت کا پہلا غیر مسبوق اور جامع تعمیراتی پلان ہے۔

ام القریٰ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو یاسر ابو عتیق نے ایک بیان میں کہا کہ مکہ معظمہ کے مغربی حصے میں جاری تعمیراتی منصوبے کا ہدف اہالیان مکہ اور زائرین کرام کو معیاری سہولیاتِ زندگی فراہم کرنا ہے۔

یہ منصوبہ شہر میں تعمیرو ترقی اور تمام بنیادی سہولیات کے اعتبار سے مثالی ہوگا جسے وژن 2030ء کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مکہ معظمہ کو دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں شامل کرکے اس کی عالمی اہمیت اجاگر کیا جائے۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد وہاں پر 33 ہزار 300 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش پیدا ہوگی۔ جب کہ حرم مکی تک رسائی کے لیے 11 مختلف میٹرو اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

Comments

- Advertisement -