ہفتہ, فروری 7, 2026
اشتہار

50 ہزار گیلن پانی سے بھرا پلاسٹک ٹینک پھٹ گیا، گھر تباہ، بچی جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ (4 جنوری 2026) نجی واٹر سپلائی کا رہائشی علاقے میں بنایا گیا پلاسٹک ٹینک پھٹ گیا پڑوس کا گھر مکمل تباہ بچی جاں بحق ہو گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ کے علاقے جتک اسٹاپ کے قریب واقع ایک رہائشی کالونی میں پیش آیا، جہاں پانی فراہم کرنے والی نجی واٹر سپلائی کمپنی کا 50 ہزار گیلن پانی کی گنجائش والا پلاسٹک ٹینک پھٹ گیا۔

اس کے پھٹنے سے ٹینک میں موجود 50 ہزار گیلن پانی زبردست دباؤ کے ساتھ پڑوس میں ایک گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں پورا گھر تباہ ہو گیا جب کہ ملبے تلے دب کر ایک 6 سالہ بچی زونیرا جاں بحق جب کہ اس کے والدین اور تین بہن بھائی زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ملبے سے بچی کی لاش اور اس کے والدین اور دو بہن بھائیوں کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

زخمی افراد کے ہاتھ اور پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں جب کہ والدہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اہل محلہ نے الزام عائد کیا کہ نجی واٹر سپلائی یونٹ والے بجلی چوری کر کے رات بھر اس ٹینک کو پانی سے بھرتے رہے، گنجائش سے زیادہ پانی بھرجانے سے ٹینک پھٹا جس سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

اہل علاقہ اور متاثرہ خاندان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی اس نوعیت کے واقعات ہو چکے ہیں، کئی بار متعلقہ حکام کو شکایت کی، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اس کا نوٹس لیں۔

دریں اثنا ضلع انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے نجی واٹر سپلائی یونٹ کے مالک کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

+ posts

منظور احمد اے آر وائی نیوز بلوچستان سے وابستہ سینیئر رپورٹر ہیں

اہم ترین

منظور احمد
منظور احمد
منظور احمد اے آر وائی نیوز بلوچستان سے وابستہ سینیئر رپورٹر ہیں

مزید خبریں