The news is by your side.

Advertisement

کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ: پی سی بی کا بڑا فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں ہونے والے کرونا ٹیسٹ کے سیمپل ری ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کےچھ کھلاڑیوں کا مثبت کورونا ٹیسٹ آنے کے بعد کیا گیا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق دبئی سے نیوزی لینڈ جاتے وقت قومی کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

گذشتہ روز نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بتایا تھا کہ پاکستانی اسکواڈ میں شامل چھ میں سے دو ارکان پہلے بھی کرونا کا شکار ہوچکے ہیں، جبکہ چار ارکان کا کرونا ٹیسٹ پہلی بار مثبت آیا ہے۔قومی ٹیم اس وقت کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ میں ہے،قومی کرکٹ ٹیم کو پریکٹس کرنے سے بھی روک دیا گیا، نیوزی لینڈ روانگی سے قبل تمام ارکان کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے تھے۔

بعد ازاں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے فائنل وارننگ جاری کی تھی، کورونا سے متاثرہ چھ کھلاڑیوں کو ان کے کمروں تک محدود رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کو فائنل وارننگ جاری کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ اپنے کمروں سے بالکل باہر نہ نکلیں، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں۔دوسری جانب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے قومی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ بورڈ نے واضح کردیا ہے ایک اور خلاف ورزی پر پوری ٹیم واپس بھیج دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ویڈیو کیوں ڈیلیٹ کی؟

وسیم خان کا کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ اور پاکستان ٹیم کی ساکھ بہت اہم ہے، 14 روز کا آئسولیشن کرلیں پھر آزادی ملے گی، انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کا ٹاسک دے دیا گیا ہے جبکہ ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

میچز کا شیڈول

پاکستان اے اور نیوزی کے درمیان پہلا فور ڈے ٹور میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا فور ڈے ٹور میچ 17 دسمبر کو ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3ٹی ٹوئنٹی اور 2ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا 20 اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 22 دسمبر کو ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو ہوگا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں