اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ یوم تکبیر کے دن ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا، یہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کا دن ہے، ہماری قیادت نےدفاع وطن پرسمجھوتا نہیں کیا،5سال میں امن وامان کی بہتری پر فخر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم تکبیر پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم تکبیرہماری تاریخ کاسنہرادن ہے، اس دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنا، یوم تکبیرکے دن ہمارا دفاع ناقابل تسخیرہوگیا، یہ جنوبی ایشیامیں طاقت کےتوازن کا دن ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی ایٹمی دھماکوں سے خطے کے امن کو دھچکا لگا، بھارتی ایٹمی دھماکوں سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ گیا، مصلحتوں کوبالائے طاق رکھ کر فیصلہ ضروری تھا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یوم تکبیردفاع کے لیے یوم تجدید کا دن ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت عالمی دباؤ کوخاطرمیں نہ لائی ، ہماری قیادت نے دفاع وطن پر سمجھوتا نہیں کیا، قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلوں کی تجدید کا دن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 5سال میں امن وامان کی بہتری پرفخرہے، ہم نےمعاشی شعبےکوترقی کی راہ پرگامزن کیا، ہم نےتعمیروترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔
خیال رہے کہ قوم بیسواں یوم تکبیر آج روایتی جوش و جذبے سےمنارہی ہے، اٹھا ئیس مئی انیس سو اٹھانوے کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے بھارتی بالادستی کے عزائم خاک میں ملا دیئے تھے۔