ریاض: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ آرمی چیف ایک دن قبل سعودی عرب سے اپنا دورہ مختصر کر کے وطن واپس پہنچے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری کشیدگی کی صورتحال افہام و تفہیم سے حل کرنے کے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار بھی وزیر اعظم اور آرمی چیف کے ہمراہ ہیں۔
سعودی عرب پہنچنے کے بعد ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر السعود نے وزیر اعظم اور دیگر کا استقبال کیا۔
دورےمیں سعودی اعلیٰ قیادت سےاہم ملاقاتیں ہوں گی جن میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال اور 41 ملکی اتحاد میں پاکستان کے کردار پر بھی بات چیت ہوگی۔
ریاض میں سعودی ولی عہد پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
مزید پڑھیں: اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس
یاد رہے کہ ریاض میں دہشت گردی کے خلاف تشکیل دیے جانے والے اسلامی فوجی اتحاد کا پہلا اجلاس جاری ہے۔ مذکورہ فوجی اتحاد کے سربراہ سابق آرمی چیف پاکستان راحیل شریف ہیں۔
گزشتہ روز افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پرعزم ہے، ہم امن و امان بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ، ’اسلامی اتحاد کسی فرقے یا ملک کے خلاف نہیں، اس کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خاتمے کے اقدامات کرنا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک انفرادی طور پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں، اسلامی اتحاد کو مربوط، منظم کوششوں اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔
اجلاس میں شریک آرمی چیف پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ ملکی حالات کے پیش کر نظر اپنا دورہ مختصر کر کے وطن واپس آئے تھے تاہم اب وہ وزیر اعظم کے ساتھ دوبارہ سعودی عرب چلے گئے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔