اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کیلئے بجلی ٹیرف میں 4.4روپے کمی کا اعلان کردیا اور کہا میرا بس چلے تو ٹیرف میں مزید 10 روپے کمی کردوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر سے آئے ہوئے تاجروں اور برآمد کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں ہورہی ہیں، آج میں انڈسٹری کیلئے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کررہاہوں، میرا بس چلے تو ٹیرف میں مزید 10 روپے کمی کردوں لیکن ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کے لیے بجلی کی ترسیل کے ٹیرف9 روپے سے کم کیے جا رہے ہیں جبکہ ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس ساڑھے سات فیصد سے کم کر کے ساڑھے چار فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جارہی تھیں، لیکن قوم نے صبر اور قربانی کے ذریعے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ اس وقت مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں ہے اور پالیسی ریٹ ساڑھے 10 فیصد پر آ گیا ہے، جبکہ قومی ذخائر پہلے سے دوگنے ہو چکے ہیں اور دوست ممالک کے قرضے بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے اور ان کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں، جس سے پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا اور عالمی سطح پر ملک کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے۔


