اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر قوم سے کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنے کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کورونا کیسز کی پھر سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر قوم سے اپیل کی ہے کہ کورونا سے متعلقہ ہدایات اور ایس اوپیز پر عمل کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرز اور ڈاکٹرز نے ہمیں محفوظ رکھنے کیلئےبہت قربانیاں دی ہیں، ہمیں کورونا کے خلاف ان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو ضائع نہیں کرنا۔
ملک میں کرونا کیسز کی پھر سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ کرونا سے متعلقہ ہدایات اور SOPs پر عمل کریں۔ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز اور ڈاکٹرز نے ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ہمیں کرونا کے خلاف ان حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں کرنا
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 29, 2022
اس سے قبل وزیر صحت قادر پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کورونا ٹیسٹنگ کی شرح بڑھانے کا فیصلہ کیا اور چاروں صوبوں کو اٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایات کردی ہیں۔
وزیرصحت کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے، کورونا کم ہوا ہے مکمل ختم نہیں ہوا، سماجی فاصلہ، فیس ماسک، ہینڈسینٹائزرکا استعمال ضروری ہے۔