اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ’گرین اسٹیمولس‘ پیکیج کی منظوری دے دی، پیکیج 10 بلین ٹری منصوبے کا حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ، مشیر ماحولیات خسرو بختیار ودیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں قدرتی جنگلات، نرسریاں، شجرکاری مہم کو فروغ دیا جائے گا، شہد کی پیداوار بڑھانے سے اولو پلانٹیشن شروع کی جائے گی، بے روزگار افراد کو منصوبے میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آب و ہوا کے مسائل سے نمٹنے، گرین ایریا کو بڑھانا ترجیحات میں شامل ہیں، منصوبہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ اقدام سے کلین اینڈ گرین پاکستان کے مقاصد کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، بین الاقوامی اداروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پروگرام میں شامل کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی اشیائے خورد و نوش کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ ہماری آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے، پروگرام کی کامیابی کے لیے شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی تھی۔
کابینہ اجلاس میں کورونا سے متاثر صحافیوں،صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی منظوری اور لمیٹڈکمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی اسامیوں پرنامزدگیوں کی منظوری بھی دی گئی تھی۔