کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ کل کراچی پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے وزیر اعظم کے دورۂ کراچی کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کل پہنچیں گے، معاشی ٹیم بھی ان کے ہم راہ ہوگی۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم بزنس کمیونٹی سے خطاب کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے اور اس سلسلے میں ایک روڈ میپ کی تیاری پر گفتگو کی جائے گی۔
PM arriving Karachi along with his economic team tomorrow to meet and address concerns of businessmen, a roadmap will also be discussed in detail. Government is poised to increase business activities in Pakistan. Karachi being the hub of business has unique importance.
— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) July 9, 2019
گورنر سندھ نے ٹویٹر پر لکھا کہ کراچی پاکستان کا تجارتی حب اور اہمیت کا حامل ہے، حکومت معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے پُر عزم ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تاجروں پر ٹیکسز کے نفاذ کے اعلان کے بعد کراچی میں تاجر ایکشن کمیٹی نے شہر بھر میں 8 جولائی سے تین روز تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔
مزید تفصیل پڑھیں: گورنر سندھ کامیاب، تاجر ایکشن کمیٹی نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال واپس لے لی
تاہم گورنر سندھ سے تاجر ایکشن کمیٹی کے وفد کی ملاقات میں عمران اسماعیل نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ 11 جولائی کو وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کرائیں گے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ انھیں ٹیکس معاملات پر حکومت کی جانب سے اعتماد میں نہیں لیا گیا، ان کی پیش کردہ تجاویز پر عمل کیا گیا تو ٹیکس بھی ادا کیا جائے گا۔
تاجروں سے ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے بھی رابطہ ہوا تھا، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر ایکشن کمیٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کسی بھی تاجر کے خلاف ایک ماہ تک کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔