بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

وزیر اعظم نے کابینہ ارکان پرایک سال میں 3سےزائد بیرونی دوروں پرپابندی لگا دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ اراکین کے سال میں تین سے زیادہ بیرونی دوروں پر پابندی لگا دی، فیصلے کا نفاذ فی الفور ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی کفایت شعاری مہم جاری ہے، وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے دوروں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ ارکان پر ایک سال میں 3 سے زائد بیرونی دوروں پر پابندی عائد کردی ہے۔

فیصلے کا اطلاق وفاقی وزراء، وزراء مملکت، مشیران، معاونین خصوصی پر بھی ہو گا جبکہ وزیر خارجہ اور وزیر تجارت پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

سرکاری دوروں میں کابینہ اراکین ذاتی سٹاف کو بھی ساتھ نہیں لے جا سکیں گے اور وفاقی وزراء متعلقہ سفارتخانوں کے اسٹاف کی خدمات حاصل کریں گے۔

وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو بیرونی دوروں میں پی آئی اے پرواز استعمال کرنے کا پابند کر دیا ہے۔

فیصلے کے مطابق فرسٹ کلاس سفر کی اجازت صرف صدر پاکستان اور چیف جسٹس کو ہوگی، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی بزنس کلاس میں سفرکریں گے۔

وفاقی وزرا، وزیرمملکت، ایم این ایز اور سینیٹرز کو بھی بزنس کلاس میں سفر کی اجازت ہوگی جبکہ سروسزچیف بھی بزنس کلاس میں سفرکریں گے۔

باقی تمام حکومتی شخصیات اکانومی کلاس میں سفر کرنے کے پابند ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کا نفاذ فی الفور ہوگا۔

مزید پڑھیں : وفاقی وزرا حکومتی خرچے پر بیرونِ ملک علاج نہیں کراسکیں گے

یاد رہے 20 اگست میں کو ہونے والے کابینہ کے پہلے اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان کوماضی میں دی گئی بیرون ملک علاج کی سہولت واپس لےلی گئی ہے ، اب کوئی بھی کابینہ کا رکن سرکاری خرچ پربیرون ملک علاج نہیں کراسکے گا۔

سرکاری حکام کے غیرملکی دوروں کو محدود کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا سرکاری حکام سرکاری خرچ پر بیرون ملک دورے نہیں کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں