راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم ارکان کے ساتھ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے ان کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات بھی کی جس میں قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور آپریشنل تیاریوں پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو سیکیورٹی صورتحال، خطرے کے اسپیکٹرم پر بریفنگ دی گئی، انہیں سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں، علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے عزم کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی، ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، مسلح افواج پرامن پاکستان کے لیے کوشاں ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی، پاکستان کو سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی حمایت جاری رہے گی۔
علاوہ ازیں آرمی چیف نے وزیراعظم کے دورے اور مسلح افواج پر اعتماد پر اظہار تشکر کیا، دورے کے اختتام پر خوشحال اور محفوظ پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔