اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ چین سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
وزیر مملکت شہریار آفریدی نے امن و امان اور ملک کی داخلی سلامتی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک میں قیام امن کے حوالے سے بھی مختلف امور زیر غور آئے۔
اجلاس میں کابینہ نے موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کے دو ٹوک مؤقف کو سراہا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریاست کو چند شر پسند عناصر یرغمال نہیں بنا سکتے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شر پسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ چین سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے چین جانے والا وفد مختصر کردیا۔ وزیر اعظم نے متعدد حکومتی شخصیات کو پاکستان میں رہنے کی ہدایت کی جن میں وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔
فیصلہ ملک میں حالیہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے 8 نکاتی ایجنڈے کے بیشتر نکات کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پاکستان اور چین کی وزارت دفاع میں معاہدے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں میجر جنرل فیاض حسین کی بطور آئی جی فرنٹیئر کور بلوچستان اور میجر جنرل راحت حسین احمد کی بطور آئی جی ایف سی خیبر پختونخواہ کے تقرر کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے ریڈیو پاکستان کے نئے بورڈ کی تشکیل، آٹھویں ویج بورڈ کے چیئرمین کے تقرر، پاکستان ایل این جی ٹرمینل لمیٹڈ اور ایل این جی لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کے قانون پر بھی غور کیا گیا۔