بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلا سود قرض کے لیے ای کریڈٹ منصوبہ شروع کیا گیا، کسانوں کو اے ٹی ایم سہولت دینے پر بھی کام جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فردوس عاشق، یوسف بیگ مرزا، افتخار درانی، ندیم افضل، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اطلاعات، چیئرمین نادرا، صدر نیشنل بینک، صدر زرعی ترقیاتی بینک، بینک آف خیبر اور بینک آف پنجاب کے حکام، سوئی ناردرن، سوئی سدرن کمپنیز اور پی ایس او کے ایم ڈیز اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔

اجلاس میں محکموں کے سربراہان نے وزیر اعظم کو عوامی فلاح کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر نے بریفنگ میں بتایا کہ بلا سود قرض کے لیے ای کریڈٹ منصوبہ شروع کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسانوں کو 11 ارب قرض دیا جا چکا ہے۔ آزاد کشمیر، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ حکومتوں سے بات چیت جاری ہے۔ کسانوں کو اے ٹی ایم سہولت دینے پر بھی کام جاری ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کی ہر ممکن کوشش کی، 8 ماہ کی قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود کے 36 منصوبے شروع کیے۔ اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اہم منصوبوں پر کام تیز کیا۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے پہلی دفعہ ’احساس‘ پروگرام شروع کیا۔ پروگرام سے صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی، ریاست معاشرے کے کمزور طبقوں کی ضروریات پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ عوامی فلاح کے لیے حکومتی وسائل کا منظم استعمال یقینی بنایا جا سکے گا۔ ملکی سیاحت کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں۔ عوام کو با اختیار بنانے کے لیے مقامی حکومتوں کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں