اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان، جنوبی پنجاب اور قبائلی علاقہ جات کی ترقی ترجیح ہوگی، اقتصادی ترقی کا عمل پسماندہ علاقوں کی ترقی تک مکمل نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ اور وزیر منصوبہ بندی سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سال 20-2019 پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ آئندہ سال نالج اکانومی، زراعت اور توانائی پر توجہ دی جارہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماضی میں پبلک سیکٹر پروگرام کے تحت مختلف منصوبے شروع کیے گئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان، جنوبی پنجاب اور قبائلی علاقہ جات کی ترقی ترجیح ہوگی، اقتصادی ترقی کا عمل پسماندہ علاقوں کی ترقی تک مکمل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کراچی کے لیے صوبائی اور مقامی حکومت سے مشاورت اور مربوط منصوبے پر کام کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے نالج اکانومی کو فروغ دیا جائے، نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں کی تکمیل اور فعالیت پر توجہ نہیں دی جاتی تھی، منصوبوں کی لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ وسائل خرچ کرنے کے باوجود بھی عوام کو فائدہ نہ پہنچ سکا۔
وزیر اعظم نے وزیر منصوبہ بندی کو منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر پروگرام کے تحت شروع منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دیں۔