لاہور: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان کے اعتماد کے بعد امیدوار کے چناؤ کی ہدایت کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کےسینئرر ہنماؤں کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا، جس میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں گورنرپنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چوہدری ،شفقت محمود، معاون خصوصی شہبازگل نے بھی شرکت کی۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی خود نگرانی کرنے کا عندیہ دیا اور ہوم ورک جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی پنجاب میں خودنگرانی کروں گا، کارکنوں، مقامی رہنماؤں کو اعتماد میں لے کر امیدوار منتخب کیے جائیں اور پی ٹی آئی ورکرز ، عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے۔
مزید پڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے ذمہ دار کون؟ تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش
عمران خان نے مزید کہا کہ مسائل نچلی سطح پرحل کرنےکیلئے بلدیاتی اداروں کواختیارات دینا ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبرپختون خواہ کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی اور امیدوار وفاقی وزار کے حلقے سے بھی ہار گئے۔ وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کے سے بھی رپورٹ طلب کی، جس میں کچھ رہنماؤں، اراکین اسمبلی کو شکست کا قصور وار قرار دیا گیا ہے۔