اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال اور شدید بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک سے ملاقات ہوئی.
ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو رواں برس مون سون کی متوقع صورتحال، بارشوں کے پیٹرن اور وزارت کی جانب سے اب تک کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
جس پر وزیراعظم نے رواں برس مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال اور شدید بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پہلے سے تیار ہونی چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پیشگی اطلاع کا نظام اور خطرات سے دوچار علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کرنے کے لیے اس نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔
سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات والے علاقوں کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام وفاقی اور صوبائی ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں فوری امدادی کارروائی شروع کی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید خطرات کا سامنا ہے، اس لیے ہمیں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


