اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں علاج کے بعد واپسی پر وی آئی پی پرواز پر دو کروڑ 97 لاکھ روپے خرچ آئے جبکہ ایوان صدر پر سوا ترپن کروڑ اور پارلیمنٹ ہاؤس پر ساڑھے چون کروڑ خرچ کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی خزانے سے وزیراعظم کے لندن علاج کی تفصیلات سامنے آگئیں، وزیراعظم اور ان کے خاندان کو واپس لانے کیلئے وی آئی پی پرواز پر دو کروڑ 97لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔
وزیر اعظم نواز شریف 9 جولائی 2016 کو لندن سے وطن واپس آئے تھے اور اس سے قبل وہ تقریباً ڈیڑھ ماہ تک علاج کی غرض سے لندن میں ہی مقیم رہے تھے، 31 مئی کو ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی، جس کے بعد وہ قومی ایئرلائن کے خصوصی طیارے سے لندن سے لاہور واپس آئے تھے۔
حکمران خاندان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے علاج پر سرکاری رقم خرچ نہیں کی گئی۔
وزیر انچارج ہوابازی نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ لندن ایئرپورٹ پر وی آئی پی پرواز کیلئے پارکنگ فیس ادا نہیں کی گئی۔
دوسری جانب دارالحکومت میں اہم عمارتوں پر اخراجات کی تفصیلات بھی اسمبلی میں پیش کردی گئیں، آٹھ اہم عمارتوں کی دیکھ بھال پر کل دو ارب 42 کروڑ 73 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
مزید پڑھیں : دھرنے مسائل کا حل نہیں، نواز شریف،48 روز بعد وطن واپسی
وزارت کیڈ نے تحریری جواب دیدیا ہے ، جس کے مطابق ایوان صدر پر 53 کروڑ 21 لاکھ روپے جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کی دیکھ بھال کیلئے 54 کروڑ 48 لاکھ روپے خرچ ہوئے اور پارلیمنٹ لاجز پر 31 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔
وزارت کیڈ کے مطابق ان اخراجات میں ملازمین کی تنخواہیں، الاونسز اور یوٹیلیٹی چارجز شامل ہیں صرف اسلام آباد میں اٹھارہ ارب روپے کی لاگت سے سات نئے اسپتال بنائے جا رہے جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے۔