تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

وزیر اعظم عمران خان کی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آمد، زخمیوں کی عیادت

مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثر علاقوں میں پہنچ گئے، وزیر اعظم نے زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی عیادت کی اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، وزیر اعظم و صدر آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، اور سردار مسعود بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔

وزیر اعظم نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی، اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متاثرہ علاقوں کی صورتحال سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور زلزلے سے جانی و مالی نقصان، ریلیف اقدامات اور زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی عیادت کی۔

وزیر اعظم نے اسپتال میں زخمیوں کے لیے طبی امداد کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ میں تھا تو زلزلے کا علم ہوا، مجھے بہت افسوس ہے۔ فوری متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا چاہتا تھا لیکن امریکا میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے، زلزلہ متاثرین کے لیے ہر ممکن اور فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ میں یہاں کے لوگوں کا دکھ محسوس کر سکتا ہوں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میر پور آزاد کشمیر کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے، حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے پیکج تشکیل دے رہی ہے۔

خیال رہے کہ 24 ستمبر کو ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہوگیا۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ زلزلے سے 30 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔

Comments

- Advertisement -