اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میگا پراجیکٹس اور طویل المدتی منصوبہ بندی ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں اہم ملکی و قومی امور سمیت سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملک کے سب سے بڑے ہائیڈرو پاور منصوبے کے عملی آغاز پر وزیراعظم کو مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہائیڈرو پاور منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدلے گا، 40 سال پہلے ایسے منصوبے بننا شروع ہوجاتے تو آج پاکستان ترقی یافتہ ملک ہوتا۔
مزید پڑھیں: دیامر بھاشا ڈیم چلاس اور گلگت بلتستان کے لوگوں کی زندگیاں بدل دے گا، وزیراعظم
عمران خان نے کہا کہ معیشت کی بہتری کا سفر پھر سے شروع ہورہا ہے، میگا پراجیکٹس اور طویل المدتی منصوبہ بندی ہی پاکستان کا مستقبل ہے، معیشت کی بہتری پر پوری توجہ ہے، جلد نمایاں بہتری دیکھنے میں آئے گی۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں حکمرانوں نے ایسے منصوبوں پر توجہ نہیں دی، حکمرانوں کی توجہ ایسے منصوبوں پر رہی جہاں سے کک بیکس ملتے رہے، اسلام آباد میں نیو بلیو ایریا منصوبے میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم چلاس اور گلگت بلتستان کے لوگوں کی تقدیر بدل دے گا، جیسے جیسے ڈیم مکمل ہوگا تجارت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔