تازہ ترین

وزیر اعظم کی وزیر توانائی عمر ایوب سے ملاقات، اہم امور پر مشاورت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیرِ توانائی عمر ایوب  کے درمیان انتہائی اہم ملاقات ختم ہوگئی ہے، ملاقات میں  وفاقی وزیر خزانہ کے منصب کے لیے کسی ٹیکنوکریٹ کو لائے جانے پر غور کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج اسد عمر کے وزارتِ خزانہ چھوڑنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیربرائے توانائی عمرایوب  سے وزارتِ خزانہ سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کو بجٹ تک وزارت خزانہ کا اضافی چارج دینے کی تجویز  بھی دی گئی، تاہم وزارت خزانہ کے لیے کسی ٹیکنو کریٹ کولانے پر بھی غور کیا گیا، جب کہ مشیر خزانہ کے لیے بھی کسی ٹیکنو کریٹ کو لانے پر غور و خوض کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر ایوب کے علاوہ شوکت ترین،حفیظ شیخ،عشرت حسین ،اورشمشاداختر کے ناموں پر بھی زیرغور  کیا گیا۔

یاد رہے کہ آج 18 اپریل 2019 کو تحریک انصاف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ وزیر خزانہ نے اپنا قلمدان چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں ردوبدل کے عمل میں وزیراعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں۔ تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ہی پاکستان کے لیے سب سے بہتر امید ہیں اور انشا اللہ وہ نئے پاکستان کی تعمیر کریں گے۔

اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی

یاد رہےتین دن قبل اے آروائی نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پرپانچ وزراء کےقلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیرخزانہ اسدعمر، وزیرمملکت برائےداخلہ اورپٹرولیم کےوزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔

خبر میں کہا گیا تھا کہ اسد عمرکو وزارت پیٹرولیم دینے اورشہر یارآفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیاگیا، جبکہ وزارت خزانہ کے لیے ٹیکنو کریٹ مشیر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

تاہم وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس وقت اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی وزیرکوتبدیل نہیں کیاجا رہا، وزیراعظم نےپیغام بھیجا کہ میڈیاپرغلط خبریں چل رہی ہیں، اس طرح کی خبریں تصدیق کے بغیر نہیں چلنی چاہئیں، غلط خبروں سے ملک اور میڈیا کا بھی نقصان ہوگا۔

Comments

- Advertisement -