جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

سول سروس میں سیاسی مداخلت ختم کرنے کے لیے حکومت کا اہم قدم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کا مشن ہے کہ بیورو کریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے، سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچانے کے لیے سیاستدانوں کی ٹریننگ ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہر تقرری صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان کی سول سروس خطے کی بہترین تھی، خطے کے دیگر ممالک ہم سے سیکھنے آتے تھے۔ بدقسمتی سے سیاسی مداخلت سے سول سروس کا زوال شروع ہوا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آئی ہے، عوامی فلاح و بہود کی خاطر نظام میں بہتری کی خواہش ہے۔ احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مشن ہے بیورو کریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے، پختونخواہ میں انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں سے گورننس بہتر ہوئی۔ سول سرونٹس کو بے جا تنگ کرنے سے کام رک جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹ پر مدت ملازمت کو تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ ڈیلیوری میں تسلسل قائم رہے، سرکار کے زیر انتظام کمپنیوں اور اداروں کے بورڈز میں اچھی شہرت اور اہل افراد کو شامل کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور سروسز مہیا کی جاسکیں۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ وسائل کے ضیاع کو روکنا ہوگا، اسپیشلائزیشن کا دور ہے، ہر شعبے میں ماہر افراد ہی کام کرسکتے ہیں۔ ’لوکل گورنمنٹ کا ایسا ماڈل لا رہے ہیں جس میں مقامی نمائندے عوامی فلاح و بہود میں بھرپور کردار ادا کریں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچانے کے لیے سیاستدانوں کی ٹریننگ ضروری ہے۔ اصلاحات کے بعد بیورو کریٹ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں