اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، تیسری لہر بہت خطرناک ہے کیونکہ اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوگئی، ملک بند نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم عمران خان نے کروناسے متعلق قوم کے نام جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں نےکرونا سے محفوظ رہنے کے لیے ایک سال احتیاط کی اور کسی نجی تقریب میں شرکت نہیں کی مگر سینیٹ الیکشن کے دوران احتیاط نہیں کرسکا‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’کرونا کی تیسری لہربہت خطرناک ہے، ہم اپنا ملک بند نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں البتہ ماسک پہننے سے کافی حد تک کرونا سے بچاؤ ممکن ہے لہذا احتیاط کریں‘۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ملک میں کرونا کی تیسری لہر برطانیہ سےآئی ہے کیونکہ بڑی تعداد میں لوگ برطانیہ سے لاہور آئے، اب صورت حال یہ ہے کہ ملک کے تمام اسپتال بھر چکے ہیں، لہذا سب احتیاط کریں اگر ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تو صورت حال مزید خراب ہوجائے گی‘۔
مزید پڑھیں: کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کورونا سے صحت یاب ہونے لگے
اسے بھی پڑھیں: این سی او سی کا بڑا فیصلہ، ان ڈور، آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اب تو دنیا میں کرونا ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی ہے، عوام خود ہی کرونا ایس او پیز کا خیال رکھیں، ہجوم والے مقامات پر جانے سے گریز کریں‘۔
کرونا کی ہولناکی بیان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’کرونا وائرس سینے میں داخل ہوجائے تو صورت حال خطرناک ہوجاتی ہے، اللہ نے مجھ پر اور اہلیہ پر خاص کرم کیا ہے‘۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’کرونا کی تیسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے، لاہور کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں کرونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں‘۔