کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما علی گوہر مہر سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے صوبے کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف سندھ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سردار علی گوہر مہر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
[bs-quote quote=”وزیراعظم عمران خان کا سندھ کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
وزیرِ اعظم نے جی ڈی اے رہنما کے ساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان پی ٹی آئی سندھ کے مطابق سردار علی گوہر مہر نے وزیرِ اعظم کو دورۂ سندھ کی دعوت دی، وزیرِ اعظم نے ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپنے دورے میں سندھ کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دریں اثنا صوبہ سندھ کی سیاست میں ہل چل پیدا ہو گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد صوبے کی سیاسی فضا میں حدت بڑھ گئی ہے، دوسری طرف وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تبدیلی کی آوازیں بھی اٹھنے لگی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے
وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کو خصوصی ٹاسک دے دیا، وزیرِ اطلاعات پیغام لے کر سندھ آئیں گے اور ذوالفقار مرزا، امیر بخش بھٹو سمیت دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر اور جی ڈی اے ارکان نے بھی سر جوڑ لیے ہیں، خرم شیر زمان کہتے ہیں پیپلز پارٹی کے لوگ خود رابطہ کر رہے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سندھ میں حکومت کے لیے بیس ووٹوں کی ضرورت ہے، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے بھی مراد علی شاہ کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔