تازہ ترین

چینی صدر نے دورے کی دعوت قبول کرلی، جلد پاکستان آنے کا وعدہ

بیجنگ : وزیراعظم عمران خان نے چینی صدرشی جن پنگ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دے دی،  چینی صدر نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا وعدہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم اوروفد کی جانب سے گرمجوشی سے استقبال پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا گیا۔

پاکستانی وفد میں وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،منصوبہ بندی ، ریلوے کے وزرا اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت

وفود کی سطح پر بات چیت میں وزیراعظم عمران خان نے چینی صدرشی جن پنگ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی اور کہا صدر شی جن پنگ کا وژن اور قیادت چین کیلئے رول ماڈل ہے اورہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نےجس قدرتیزی سے ترقی کی پاکستان اس سے بے حد متاثر ہے، غربت اور کرپشن پر جس طرح چین نے قابو پایا وہ قابل تعریف ہے، کسی اور ملک نے غربت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے چین کی طرز پر کام نہیں کیا۔

عمران خان نے کہا غربت میں کمی کےلئےپاکستان چین کےتجربات سےسیکھناچاہتاہے، چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے،پاکستان باہمی مفادات کےتحفظ کےلئےہمیشہ چین کےساتھ ہوگا۔

چینی صدر کا جلد پاکستان آنے کا وعدہ

چینی صدرشی جن پنگ نے وزیراعظم عمران خان کی آمد پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پہلے سے مضبوط پاک چین تعلقات اب مزید گہرے ہوں گے، دونوں ممالک کےدرمیان بہتر تعلقات پورے خطے کے لئے فائدہ مند ہیں۔

چینی صدرنے وزیراعظم عمران خان کی دورےکی دعوت قبول کرتے ہوئے  جلدپاکستان آنے کا وعدہ کیا۔

چینی صدرنے پاک چین اسٹریٹیجک تعاون کےلئےساتھ کام کرنےکی خواہش کا اظہار کیا اور وزیراعظم کواقتصادی چیلنجزسےنمٹنےکےلئےمکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

چینی صدر  کا کہنا تھا کہ چین سیاسی اورمعاشی طورپرپاکستان کی بھرپورمددکرےگا۔

چین کی جانب سےمجموعی طورپر6ارب ڈالرملنے کا امکان

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سےمجموعی طورپر6ارب ڈالرملنے کا امکان ہے، چین کی جانب سےڈیڑھ ارب گرانٹ اورڈیڑھ ارب قرضہ دیاجائے گا جبکہ سی پیک کیلئے 3ارب ڈالر اضافی ملنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک چین تزویراتی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور باہمی مفاد کے لئے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم آج ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاکستان میں اقتصادی تعاون اور معاشی ترقی پر بات چیت ہو گی جبکہ کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل وزیر سے بھی آج ہی ملاقات ہوگی۔

گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے بیجنگ پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا، پاکستان میں چینی سفیراورچینی وزیرٹرانسپورٹ نے ان کا استقبال کیا۔

وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

دورہ چین میں وزیراعظم 3 نومبرکو بیجنگ میں پیپلزہیرومونومنٹ کا دورہ کریں گے اور چیئرمین این پی سے ملاقات کریں گے جبکہ سرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہوگی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

اسی روز مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔

دورے کے دوران 4 نومبرکوعمران خان چین میں اسکول کی تقریب میں شرکت کریں گے اور بیجنگ میں مختلف تقاریب سےخطاب کرنے کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم 5نومبرکو پاک چین انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کریں گے اور میٹروپولیٹن شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

چین کے دورے میں وزیراعظم عمران خان چینی کمپنی کے وفد سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ دورے کے دوران ملاقاتوں میں سی پیک سمیت چینی قیادت سے دوطرفہ امورپر مذاکرات ہوں گے اور مذاکرات میں علاقائی امن اورترقی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔+

خیال رہے وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان کا پہلا دورہ چین ہے۔

Comments

- Advertisement -