اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، اپنے دورے کے موقع پر وہ مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، لاہور ایئر پورٹ پر وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے دورہ لاہور میں ایوان وزیراعلیٰ میں عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کریں گے۔
عمران خان ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں راوی کنارے نیا شہر بسانے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شیخوپورہ میں قائد اعظم بزنس پارک کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نے کہوٹہ میں بھی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور ملک میں آئندہ سال اگست تک ایک ارب درخت لگانے کا بھی اعلان کیا ہے۔