اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج میانوالی کا دورہ کریں گے، اس موقع پر وہ نمل کالج کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج اپنے آبائی حلقے میانوالی کا دورہ کریں گے، اپنے دورہ کے موقع پر وزیر اعظم نمل کالج کے کانووکیشن کی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔
میانوالی دورے کے دوران ان کی مقامی شخصیات سے بھی ملاقات شیڈول میں شامل ہے، واضح رہے کہ میانوالی عمران خان کا آبائی علاقہ ہے۔
انہوں نے اس الیکشن میں میانوالی سے الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کی تھی۔ بعدازاں انہوں نے یہی سیٹ اپنے پاس رکھی۔
عمران خان نے اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز بھی شہر میانوالی ہاکی اسٹیڈیم سے کیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 2002ء میں اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج میں سیاست نہ کررہا ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت علاقے کے لوگوں نے ہی مجھے پہلی بار قومی اسمبلی کا رکن منتخب کیا اور میانوالی کے نوجوانوں کی اسی محنت کی بدولت پی ٹی آئی آج ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔


