تازہ ترین

مارچ اور دھرنے کی باتیں ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یقین سے کہتا ہوں مارچ اور دھرنے سے کسی کو فائدہ نہیں ملے گا، مارچ کی باتیں ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آزادی مارچ پر حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیااور کابینہ ارکان بھی ہرصورت آزادی مارچ ناکام بنانے کے لیے تیار اور پُرعزم ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی باتوں سے ملک کے مثبت تشخص کو نقصان پہنچے گا، معیشت بہتر ہوگئی ہے، سرمایہ کاری آنے لگی ہے اب مارچ والے سرمایہ کاروں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں مسئلہ کشمیر اور معیشت بہتر بنانے کی لگی ہے اور اپوزیشن کو مارچ کی پڑی ہے، یہ جو کچھ کررہے ہیں اس سے عالمی برادری کیا تاثر لے گی۔

دوسری جانب ایوان صدر میں حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ اور اپوزیشن سے رابطوں کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: دھرنوں کی مخالفت کرنے والے بھی اس کی حمایت کر رہے ہیں، بابر اعوان

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن رہنماؤں سے انفرادی رابطوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے ملاقات کی تھی، بابر اعوان کا کہنا تھا دھرنوں کی مخالفت کرنے والے بھی اس کی حمایت کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 6 نئے قوانین آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرنے، نیب ترمیمی آرڈیننس اور بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 کے ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی گئی تھی۔

Comments

- Advertisement -