تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

وزیر اعظم کی کراچی کے ترقیاتی منصوبے جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی: وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کی ون آن ون ملاقات ہوئی، ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچے ہیں۔ کراچی پہنچنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں گورنر سندھ نے تاجروں کے مسائل اور مطالبات سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے وزیر اعظم کو صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے، کراچی کی تاجر برادری معیشت کا اہم حصہ ہے۔ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا۔ کراچی میں جاری منصوبوں کے لیے وفاق بھی تعاون جاری رکھے گا۔

وزیر اعظم نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

تاجروں کے وفود کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے تاجروں کے وفود کی بھی ملاقات ہوئی۔ وفود میں کے سی سی آئی، ایف پی سی سی آئی، آٹو موٹیو پارٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے، وفاقی وزرا، مشیر خزانہ، تجارت اور اصلاحات، چیئرمین ایف بی آر، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور گورنر اسٹیٹ بینک موجود تھے۔

ملاقات میں ٹیکس نظام میں اصلاحات، مہنگائی پر کنٹرول اور اسمگلنگ کی روک تھام پر بات چیت ہوئی جبکہ کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری، روزگار اور محصولات میں اضافے پر تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میرے آنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ کے مسائل حل کروں، میری پوری معاشی ٹیم یہاں موجود ہے تاکہ مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔ حکومت آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کی معیشت پرانے طریقہ کار کے تحت نہیں چلائی جاسکتی۔ اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل تیز کرنا ہے جس میں مدد چاہیئے۔ کاروباری برادری پارٹنر بن کر حکومت کے ساتھ کام کرے۔

وزیر اعظم آج گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ کی ان سے ملاقات کا امکان نہیں ہے۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم کو امن و امان کی صورتحال سمیت کراچی میں وفاق کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی کراچی آمد کو وفاق میں تحریک انصاف کی حلیف جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے خوش آئند قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وزیر اعظم کراچی سے کیے ہوئے تمام وعدے پورے کریں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے 5 جولائی کو اسلام آباد میں ملاقات کی تھی، ملاقات میں گورنر سندھ نے کے فور سمیت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔

اسی ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو دورہ کراچی کی دعوت دی تھی جس پر انہوں نے دعوت قبول کرتے ہوئے آج شہر قائد پہنچنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم 42.5 بلین اور 5 ارب روپے علیحدہ دیں گے، موجودہ حکومت تجارت دوست حکومت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ موجود حکومت تجارت دوست حکومت ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، وزیر اعظم نے کاروباری طبقے سے مشاورت شروع کردی ہے۔

Comments

- Advertisement -