اسلام آباد : عمران خان کی بطور وزیراعظم تنخواہ کی تفصیلات سامنے آگئیں ، جس کے مطابق عمران خان کی تنخواہ وفاقی وزرا، اپنے ملٹری سیکرٹری ، صدر مملکت،چیف جسٹس اور وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی کم ہے، کٹوتیوں کے بعد عمران خان کو صرف ایک لاکھ چھیانوے ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سیلری سلپ پہلی بارمنظرعام پرآ گئی، جس کے مطابق عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوتے ہوئے وزرا سے بھی کم تنخواہ وصول کرر ہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو ہرماہ ایک لاکھ چھیانوے ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔
عمران خان کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ سات ہزار دو سو اسی روپے ہے، وزیراعظم کو مہمانداری الاؤنس کی مد میں پچاس ہزاراورایڈہاک ریلف الاؤنس کےاکیس ہزارچارسو چھپن روپےملتے ہیں۔
وزیراعظم کی تنخواہ پر چار ہزار پانچ سوپچانوے روپےٹیکس بھی کٹتاہے جبکہ بطور وزیراعظم ان کا کوئی کیمپ آفس نہیں اور بنی گالہ میں سیکیورٹی، خاردار تار کے اخراجات بھی خود برداشت کیے۔
عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے دو سو ملازمین کم کیے اور دیگراخراجات بھی محدود کردیے ہیں۔
وزیراعظم کے مقابلے میں وفاقی وزرا کی تنخواہ ڈھائی لاکھ روپے کے قریب ، وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کی تنخواہ بھی عمران خان سے زیادہ ہے جبکہ چیف جسٹس اور صدر پاکستان کی تنخواہ بھی چھ سے آٹھ لاکھ روپے ہے۔
گزشتہ روز کے اضافے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سوا چار لاکھ روپےتنخواہ وصول کریں گے۔
خیال رہے عمران خان نے عہدہ سنبھالتے ہی وزیراعظم ہاؤس کےاخراجات کم کیے، پرتعیش گاڑیاں اور بھینسیں نیلام کیں تھیں۔