لاہور: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پرلاہور پہنچ گئے، دورے کے دوران وزیراعظم کی گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کریں گے اور سیاسی صورت حال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے، اس دوران دیگر ملکی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پنجاب کابینہ میں تبدیلیاں بھی زیرغور آئیں گی، وزیراعظم عمران خان ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، وزیراعظم کی گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کابینہ ارکان کی کارکردگی پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اہم ملاقات
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اہم ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں پنجاب کے انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم سے دو دن میں دوسری ملاقات تھی۔
اس سے قبل 24 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کور کمیٹی اجلاس میں پنجاب میں گورننس کی خامیوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور اراکین کورکمیٹی نے اس موقع پر تجویز دی تھی کہ بہتر گورنس کے لیے بیوروکریسی کو متحرک ہونا پڑے گا۔