اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم کو احتساب سے متعلق معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر بھی شامل تھے۔
ملاقات میں نیب عدالت کے ممکنہ فیصلے اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے وزیر اعظم کو احتساب سے جڑے معاملات پر بریفنگ دی۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی قومی اور سیاسی معاملات پر وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں احتساب کا نظام مزید مضبوط بنانے کے لیے تجاویز پر مشاورت بھی کی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپنا اصولی مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانا ہے تو احتساب کا عمل تیز اور مزید مؤثر بنانا ہوگا۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت آج سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن ریفرنس کا فیصلہ سنانے جارہی ہے، دوسری جانب سپریم کورٹ میں بھی سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران انہیں نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔