اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت و ترقی شیخ نہیان بن مبارک کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و امارات میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم سے گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے بھی ملاقات کی تھی، ملاقات کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا توقع ہے صحت اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے بھی سعودی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فارما سوٹیکل قابل تجدید توانائی میں بھی سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔