اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بچوں کو تعلیم اور صحت کے ساتھ محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے کے حوالے سے ہر ممکنہ قدم اٹھایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے سیکریٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخواہ محمد ادریس نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کی چیئر پرسن سارہ احمد بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
(1/4) وزیر اعظم عمران خان سے سیکرٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخوا محمد ادریس اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد کی ملاقات
ملاقات میں بچوں کے حقوق کےتحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت#PMImranKhan pic.twitter.com/dtyywJgXf1— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) February 12, 2020
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بچوں کو تعلیم اور صحت کے ساتھ محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، بچے ہمارا مستقبل ہیں اور مستقبل کے معماروں پر سرمایہ کاری اور ان کی بہتر نشوونما سے ہی ملک و قوم کی پائیدار ترقی ممکن ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بے آسرا اور محرومیوں کا شکار بچوں کے تحفظ اور ان کو تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی جائے، بے آسرا اور محرومیوں کا شکار بچے ریاست کی ذمہ داری ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے اور ان کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکنہ قدم اٹھایا جائے۔