اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کل جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجرا کیلئے نئے سسٹم کا افتتاح کریں گے، جس کے بعد متوفی کے ورثا کو نادرا کے تعاون سے 15روز میں جانشینی سرٹیفکیٹ جاری ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قانون کا جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجرا سے متعلق تاریخی اقدام سامنے آیا، ایڈمنسٹریشن اینڈسکسییشن سرٹیفکیٹ ایکٹ 2020 پر عملدرآمد کی تقریب کل ہوگی ، تقریب کل وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی۔
ترجمان وزارت قانون کا کہنا ہے وزارت قانون اور نادرا کے اشتراک سے سافٹ ویئر پر کام مکمل کرلیا ہے ، جس کے تحت متوفی کے ورثا کو نادرا تعاون سے 15 روز میں جانشینی سرٹیفکیٹ جاری ہوگا، وزیراعظم عمران خان کل نئے سسٹم کا افتتاح کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اس سےقبل جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجرامیں 2سے 7سال کاعرصہ لگتا تھا، متوفی کے تمام ورثاکی موجودگی بھی لازمی ہوتی تھی لیکن اب ورثا کی غیر موجودگی میں بھی جانشینی سرٹیفکیٹ جاری ہوسکیں گے۔
وزارت قانون کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کے ڈیٹا بیس کو پاکستانی سفارتخانوں سے منسلک کیا جائے گا، اس سہولت سے بہت سارا پیسہ ،عدالتوں کا وقت ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔