The news is by your side.

Advertisement

گلگت میں پاک چین آپٹیکل فائبر منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

گلگت : وزیراعظم میاں نواز شریف نے پا ک چین آپٹیکل فائبر منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیےٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے آپٹیکل فائبر منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت ملک کو ترقی کی اس راہ پر ڈال رہی ہے جو کبھی ایک خواب تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دورِ جدید میں کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار اس کی ٹیکنالوجی کے میدان میں اور اقتصادی ترقی میں مضمر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایس سی او کا شمار ملک کے قابلِ فخر اداروں میں ہوتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے تمام متعلقہ اداروں سے کہا کہ آپٹیکل فائبر کے اس منصوبے کو گوادر تک لے کر جایا جائے۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایس سی او کے زیراہتمام جدید ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کااعلان کیا اوراوراس موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ کے لیے دس کروڑ کے ابتدائی فنڈ کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین راہداری منصوبہ ملک کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان کے جنوبی علاقے ،شمالی علاقہ جات سے منسلک ہوں گے بلکہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کو افغانستان، ایران اور سنٹرل ایشیا سے منسلک کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پاک چین اقتصادی راہداری پر تیزی سے کام جاری ہے اورجلد ہی گوادر سے کاشغر تک ایک عظیم الشان اقتصادی شاہراہ تعمیر ہوجائے گی جو کہ چین کو پاکستان کے ذریعے دنیا کے ایک بڑے خطے سے براہ راست منسلک کردے گی۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں