شمالی وزیرستان: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے فاٹا میں شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، کہتے ہیں کہ کرم تنگی ڈیم منصوبے کا آغاز خوف اور فساد کے دور کو ختم کرنے کے لیے اہم سنگ میل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے شوال میں تعمیر کیے جانے والے ڈیم کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جسے 3 سال میں مکمل کیا جائے گا، اس منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا اور فاٹا دونوں کو فائدہ پہنچے گا اور اس کی بدولت وسیع رقبہ سیراب کیا جاسکے گا۔
ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ ڈیم سے بڑی مقدار میں پانی ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ 83 اعشاریہ 4 میگاواٹ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی جبکہ یہ سیلاب کی روک تھام میں بھی مدد کرے گا،کرم تنگی ڈیم کا منصوبہ 2 مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 3 سال میں مکمل ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شمالی وزیرستان میں خوف اور فساد کے دور کا خاتمہ ہوگیا اور یہاں اب محبت و اخوت کی حکمرانی ہے، ترقیاتی منصوبے کے آغاز سے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ جس علاقے میں کبھی دہشت گردوں کا قبضہ تھا اب وہی لوگوں کی قربانیاں رنگ لائیں اور انتظامی معاملات عوام کے ہاتھ میں آنے لگے ہیں، فاٹا کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کا عمل جلد مقمل کرلیا جائے گا، آئینی دھارے میں شامل کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی اور اُس کے بعد فاٹا کو بھی این ایف سی ایوارڈ کے تحت حصہ دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ہم ملک کی خدمت کررہے ہیں مگر کچھ منفی سیاست کرنے والے لوگوں کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، آج دنیا کے معاشی ادارے بھی پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت کو بہتر قرار دے رہے ہیں۔