اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر آذربائیجان کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف آج آذربائیجان کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے،دورے میں سرمایہ کاری،معیشت سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
وزیراعظم نواز شریف کا اپنے دور حکومت میں آذربائیجان کا یہ پہلا دورہ ہے جس میں وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ ان کے مشیر خارجہ طارق فاطمی ہیں۔
نوازشریف تین روزہ دورے میں آذربائیجان کے صدر اور وزیراعظم سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے،ان ملاقاتوں میں سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،پاکستان اور آذربائیجان مشترکہ تاریخی،مذہبی اور ثقافتی تعلقات سے منسلک ہیں۔
دونوں ممالک خطے میں امن ،خوشحالی اور ترقی کے خواہاں ہیں،وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کے اختتام پر دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا جائے گا۔