اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ وہ پہلے ہی اپنے اثاثوں کے بارے میں قوم کو اعتماد میں لے چکے ہیں، لیکن کچھ عناصر اب بھی ہماری مثبت اقدامات پر منفی سیاست کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روزاسلام آباد میں ارکان اسمبلی سردار محمد عرفان ڈوگر، عالم داد لالیکا اور میاں نجیب الدین اویسی نے وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کی.
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ مخالفین نے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اپنا موقف تبدیل کر لیا اوراب وہ کھوکھلے نعروں پر سیاست کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دس ہزار میگا واٹ بجلی بہت جلد نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل ہوجائے گی، جس سےنہ صرف بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوگا بلکہ عوام کو سستی بجلی کی سہولت بھی میسر آئےگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی کو تسلیم کیا جارہا ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی کے ساتھ ساتھ ذرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ ساز سطح پر کھڑے ہیں۔
حکومت نے گزشتہ تین سالوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ تعداد کو مکمل کر لیا ہے