اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان خلیجی ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ کا خواہش مند ہے۔
یہ بات وزیراعظم نواز شریف نے قطری وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کے دوران کہی دورانِ ملاقات دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور بالخصوص اور خطے کی صورت حال پربالعموم تبادلہ خیال کیا۔
قطری وزیرخارجہ نے خلیجی ممالک کے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے بعد سعودی عرب کے مطالبات سے وزیراعظم نواز شریف کوآگاہ کیا جب کہ امیر کویت کی قطرسعودی عرب کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Foreign Minister of the State of Qatar,Sheikh Mohammed bin Abdulrahman Al-Thani during his brief visit to Pak, called on PM Nawaz Sharif pic.twitter.com/wHz3N9kjSI
— PML(N) (@pmln_org) July 18, 2017
جس پر وزیراعظم نوازشریف نے امیرِکویت کے مدبرانہ کردار کی تعریف کی اور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہونے کو وقت کی ضرورت اور اپنی دیرینہ خواہش بتایا۔
اس موقع پرقطری وزیرخارجہ نے خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے وزیراعظم نوازشریف کی کوششوں پرشکریہ ادا کرتے ہوئے پاک قطرتعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
جس پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اورقطرکے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اسلامی ممالک میں مسائل کاسفارتی حل تلاش کیاجائے اور اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔